کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر ریونیو میر عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل اور علاقے کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، عوام نے اعتماد کرکے ہمیں ایوان تک پہنچایا ہے اور ہم کسی صورت ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ میڈیا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک پرامن اور خوشحال صوبہ ہے اور یہاں کے عوام محب وطن ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنی سرزمین کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ بحیثیت پارلیمانی نمائندوں کے ہمارا فرض ہے کہ عوام کو مایوسی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں اور انہیں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ شروع دن سے آج تک ان کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کیونکہ عوام ہی ان کا سرمایہ اور طاقت کا سرچشمہ ہیں۔ میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ ملک بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے سکیورٹی فورسز نے جو قربانیاں دی ہیں وہ قابل تحسین ہیں، ہم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ریاستی رٹ کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ماضی کی طرح آج بھی ملک کے دفاع اور امن کے لیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
