اسلام آباد (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر حوثیوں کا حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ تصور ہوگا اور امت مسلمہ اس کا بھرپور جواب دے گی۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے سعودی عرب پر حملے کو امریکا اور مغربی دنیا کے دوہرے معیار کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ اربوں مسلمانوں کی عقیدت کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ سعودی عرب کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور مسلمان ممالک موجودہ نازک صورتحال میں سعودی عرب اور حرم مکہ کے تحفظ کے لیے صف اول کا کردار ادا کریں۔ مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ پاکستان مکہ مکرمہ کے تحفظ کے حوالے سے فوری طور پر واضح پالیسی کا اعلان کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو مضبوط اور مؤثر اسلامی بلاک کے قیام کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس ہو رہی ہے، جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے لاکھوں کارکن مملکت سعودی عرب پر حملے کے دکھ اور درد میں شریک ہیں۔
