تازہ ترین ۱۵ ستمبر ۲۰۲۶

25 ہزار سال قدیم انسان میں چھالیہ چبانے کے شواہد دریافت

کوئٹہ(ویب نیوز) سائنس دانوں نے 25 ہزار سال قدیم ایسے انسان کے شواہد دریافت کیے ہیں جو چھالیہ یعنی بیٹل نٹ چبایا کرتا تھا۔ گریفتھ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق یہ قدیم شکاری اور خوراک جمع کرنے والا انسان آئس ایج کے آخری دور میں انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں رہتا تھا۔ ماہرین کے مطابق چھالیہ چبانے سے معمولی نشے جیسا احساس اور چوکنا پن پیدا ہوتا ہے اور اسے آج بھی ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق سولاویسی سے ملنے والے شواہد انسانی تاریخ میں منشیات یا نفسیاتی اثرات رکھنے والی اشیا کے استعمال کی تاریخ کو تقریباً 10 ہزار سال مزید پیچھے لے جاتے ہیں۔ ماہرین نے قدیم انسان کے دانتوں پر گہرے اور گول گھساؤ کے نشانات بھی دریافت کیے جو چھالیہ چبانے کی عادت سے مطابقت رکھتے ہیں۔