تازہ ترین ۱۱ ستمبر ۲۰۲۶

انتہائی گرم چائے اور کافی سے غذائی نالی کے کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے

کوئٹہ (ویب نیوز) آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ انتہائی گرم چائے، کافی اور دیگر مشروبات کا باقاعدہ استعمال غذائی نالی کے ایک مخصوص کینسر کے خطرے میں اضافے سے منسلک ہوسکتا ہے۔ تحقیق میں برطانیہ کے تقریباً 9 لاکھ 80 ہزار افراد کے اعداد و شمار کا تقریباً 14 سال تک جائزہ لیا گیا، جس کے مطابق انتہائی گرم مشروبات پینے والوں میں اسکویمس سیل کارسینوما کا خطرہ نیم گرم مشروبات استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ پایا گیا، جبکہ روزانہ 6 یا اس سے زیادہ گرم مشروبات پینے والوں میں یہ خطرہ 71 فیصد زیادہ تھا۔ تاہم گرم مشروبات اور غذائی نالی کے ایڈینوکارسینوما کے درمیان واضح تعلق نہیں ملا اور محققین نے زور دیا کہ تحقیق سبب اور نتیجے کا حتمی ثبوت فراہم نہیں کرتی۔ ماہرین کے مطابق انتہائی گرم مشروبات غذائی نالی کی اندرونی سطح کو بار بار حرارتی نقصان پہنچا سکتے ہیں، اس لیے چائے یا کافی پینے سے پہلے اسے کچھ دیر ٹھنڈا کرنا احتیاطی اقدام ہوسکتا ہے، جبکہ تمباکو نوشی اور الکحل سے پرہیز بھی اہم ہے۔