ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی ڈھانچے سے متعلق بحث ایک مرتبہ پھر سیاسی اور عوامی سطح پر سامنے آئی ہے۔ صوبوں کی تشکیلِ نو ایک اہم اور حساس معاملہ ہے، جس کے سیاسی، انتظامی، معاشی اور آئینی پہلو ہیں۔ ایسے معاملات میں مختلف سیاسی جماعتوں اور حلقوں کی جانب سے مختلف آرا کا سامنے آنا فطری ہے، تاہم ضروری ہے کہ اس بحث کو جذبات اور قیاس آرائیوں کے بجائے آئینی تقاضوں، قومی مفاد اور تمام وفاقی اکائیوں کے حقوق کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھایا جائے۔ چونکہ اس معاملے کے اثرات پورے ملک کے سیاسی اور انتظامی نظام پر مرتب ہو سکتے ہیں، اس لیے اس پر سنجیدہ اور جامع غوروفکر کی ضرورت ہے۔
محسن نقوی کے صوبوں سے متعلق بیان کے بعد یہ معاملہ ایک مرتبہ پھر زیرِ بحث آیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے سے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے اور وہ اس فورم پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس اہم معاملے پر پارلیمنٹ میں اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے۔ بلاشبہ صوبوں کی تشکیل، حدود میں تبدیلی یا نئے انتظامی یونٹس کے قیام جیسے معاملات وسیع تر سیاسی مشاورت اور آئینی طریقہ کار کے متقاضی ہیں، اس لیے پارلیمان میں بحث اس معاملے کے مختلف پہلوؤں کو سامنے لانے کا مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے۔
اس مسئلے کا قابلِ قبول حل اسی صورت میں ممکن ہے جب تمام متعلقہ فریقوں کے مؤقف کو سنا جائے اور فیصلہ آئینی دائرے میں رہتے ہوئے کیا جائے۔ اگر نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت محسوس کی جاتی ہے تو اس کے انتظامی، معاشی اور سیاسی اثرات کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی موجودہ صوبوں اور مختلف علاقوں کے تحفظات کو بھی اہمیت دی جائے۔ پارلیمنٹ میں کھلی اور سنجیدہ بحث کے ذریعے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش ہی وہ راستہ ہے جس سے اس حساس معاملے کو سیاسی اختلاف کے بجائے قومی مفاد، وفاقی استحکام اور عوامی ضرورت کے تناظر میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
