کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) سینئر صحافی ظاہر خان ناصر کے بڑے بھائی عبداللہ خان ناصر گزشتہ روز طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پرڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سیاسی، سماجی، صحافتی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی ہے۔ صوبائی وزراء میر ضیاء اللہ لانگو، سلیم کھوسہ، حاجی محمد خان لہڑی اور بخت محمد کاکڑ نے مرحوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اراکین اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران، شیخ زرک خان مندوخیل، فضل قادر مندوخیل اور میر زابد علی ریکی نے بھی ظاہر خان ناصر اور دیگر اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ مختلف سرکاری افسران، سینئر وکلا، سیاستدانوں، دانشوروں، صحافیوں اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی مرحوم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ تعزیتی بیانات میں کہا گیا کہ عبداللہ خان ناصر ملنسار اور بااخلاق شخصیت تھے، ان کی وفات اہلخانہ اور عزیز و اقارب کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ فاتحہ خوانی ضلع ژوب میں ناصرآباد قبرستان کے قریب حاجی سعادت اللہ مسجد میں جاری رہے گی۔
