مقامی ۶ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی، شاہراہیں غیر محفوظ ہیں، جے یو آئی نظریاتی

کوئٹہ (ویب نیوز): جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے اور حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔ قائمقام مرکزی امیر مولانا عبدالقادر لونی، مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین، مرکزی نائب امیر مولانا عبدالروف، سرپرست اعلیٰ مولانا ڈاکٹر شمس الہدیٰ، نجیم خان ایڈووکیٹ، مولانا محمود الحسن قاسمی، سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی، حاجی حیات اللہ کاکڑ اور دیگر رہنماؤں نے جاری بیان میں کہا کہ قومی شاہراہوں پر قتل، بدامنی، مال بردار گاڑیوں اور آئل ٹینکروں کو نذر آتش کرنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جبکہ تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آتی اور عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ بدامنی کے ساتھ مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ شاہراہوں کی بندش سے اشیائے خورونوش کی قلت، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو اربوں روپے کے نقصان اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت امن و امان کی بحالی، شاہراہوں کے تحفظ اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے فوری حل کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔