کوئٹہ (ویب نیوز): افغان قومی موومنٹ (اے کیو ایم) نے خضدار میں آسمہ جتک کے والد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی جوڈیشل انکوائری اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اے کیو ایم کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ آسمہ جتک نے ایک روز قبل پریس کانفرنس کے ذریعے وزیراعلیٰ بلوچستان اور متعلقہ حکام کو اپنے والد اور بھائی کو مبینہ خطرات اور بااثر عناصر کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ کیا تھا، تاہم مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوئی۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ حکومتی غفلت کے باعث ملزمان کے حوصلے بڑھے اور اگلے ہی روز خضدار بازار میں فائرنگ کرکے آسمہ جتک کے والد کو قتل کر دیا گیا۔ افغان قومی موومنٹ نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف عدالتی تحقیقات کروا کر حقائق سامنے لائے جائیں اور ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ پارٹی نے زبردستی رشتوں جیسی فرسودہ روایات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا۔
