اسلام آباد/کوئٹہ(ویب نیوز) پاکستان اور ایران نے آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے اور دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ اسلام آباد میں پاکستان۔ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے دسویں اجلاس میں کیا گیا، جس کے اختتام پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔ کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری کا دیرینہ مطالبہ قرار دیا۔ اجلاس میں سرحدی منڈیوں، بارٹر ٹریڈ، زرعی تجارت، سرمایہ کاری، قواعدِ اصل اور ٹیرف میں کمی کے طریقہ کار پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
