راولپنڈی/کوئٹہ (ویب نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دو الگ الگ کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے مجموعی طور پر 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 5 اور 6 اگست کو “ردالفتنہ-3” کے تحت کیے گئے ان آپریشنز میں بھارتی پراکسی “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس میں 6 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ 6 اگست کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جاری قومی مہم “ردالفتنہ-3” کا حصہ ہیں اور قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
