مقامی ۳۱ جولائی ۲۰۲۶

سورینج کوئلہ کان سانحہ انتہائی افسوسناک، ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کی جائے: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ویب نیوز): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے سورینج کے علاقے سپین کاریز میں کوئلہ کان کے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق کان کنوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت کان مالکان سے رائلٹی کی مد میں اربوں روپے وصول کرتی ہے، لیکن مائنز ایریاز بنیادی سہولیات، صاف پانی، تعلیم، علاج اور ریسکیو مراکز سے محروم ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ حادثے کی شفاف انکوائری کرکے غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ پارٹی نے متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری مالی امداد اور کان کنوں کی حفاظت کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔