کوئٹہ سریاب۔مستونگ روڈ پر واقع شیخ خلیفہ بن زاید اسپتال کی ایمرجنسی وارڈ اور فارمیسی میں جان بچانے والی ادویات اور ضروری طبی سامان کی شدید قلت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر مقامی شہریوں اور مریضوں کے لواحقین نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اہم سرکاری اسپتال میں ایمرجنسی ادویات کی عدم دستیابی ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کے باعث دور دراز اور غریب علاقوں سے آنے والے مریضوں کو مفت علاج کے بجائے نجی میڈیکل اسٹورز سے مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ عوام نے اسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمرجنسی کے لیے فوری طور پر تمام ضروری ادویات اور طبی سامان فراہم کیا جائے، ادویات اور بجٹ کی کمی کے معاملے کی شفاف تحقیقات اور مکمل مالی آڈٹ کرایا جائے، اور اگر کسی قسم کی غفلت یا بدانتظامی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ سریاب کے رہائشیوں نے زور دیا کہ بروقت علاج اور مفت ادویات عوام کا بنیادی حق ہیں اور اس معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
