کوئٹہ / پشین پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں منعقد ہونے والا آئندہ جرگہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوگا۔ یہ بات ضلع پشین کے علاقے کربلا میں پارٹی یونٹ کے جنرل اجلاس میں کہی گئی، جس کی صدارت عنایت اللہ کاکڑ نے کی جبکہ پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے تنظیمی سرگرمیوں، عوامی رابطوں اور سیاسی جدوجہد کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پشتونوں کے کاروبار، تجارت اور روزگار پر بڑھتی ہوئی پابندیوں نے تشویش پیدا کر دی ہے۔ شرکاء کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈز منصفانہ انداز میں خرچ نہیں کیے جا رہے اور ان میں بدعنوانی اور پسندیدہ افراد کو نوازنے کے الزامات سامنے آ رہے ہیں۔
