کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ سورینج کی کوئلہ کان میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں جاں بحق کان کنوں کے ورثا کے لیے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے فی کس 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی میتوں کو ان کے آبائی علاقوں تک باعزت طریقے سے پہنچانے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ محکمہ مائنز اینڈ منرلز، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے جائے حادثہ پر امدادی اور ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ شاہد رند کے مطابق حکومت بلوچستان غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ امدادی کارروائیوں میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کو یقینی بنایا جائے۔
