مقامی ۳۱ جولائی ۲۰۲۶

دہشت گردی کے خلاف ریاست ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی: وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسی سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے اے ٹی ایف کے 20ویں تربیتی کورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اے ٹی ایف، سی ٹی ڈی اور اسپیشل آپریشنز ونگ کے اہلکاروں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا جائے گا، شہدا کے خاندانوں کی مزید معاونت کی جائے گی اور اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول کی بہتری کے لیے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیکیورٹی اداروں کو جدید اسلحہ، آلات اور تربیت سے مزید مضبوط بنا رہی ہے، جبکہ قومی دھارے میں واپس آنے والے افراد کی بحالی، تعلیم اور روزگار کے لیے بھی مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔