کوئٹہ(ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق اور دیگر رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا معاشی استحصال فوری طور پر بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر تجارتی سامان سے لدی گاڑیوں کی مسلسل لوٹ مار، نذرِ آتش کیے جانے اور خراب امن و امان کی صورتحال کے باعث تاجر برادری شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ ان کے مطابق سرحدی راستوں کی بندش، تجارتی سرگرمیوں میں تعطل اور شاہراہوں پر عدم تحفظ نے نہ صرف تاجروں اور ٹرانسپورٹرز بلکہ پیٹرول پمپ مالکان، ہوٹلوں، ورکشاپوں، چھوٹے کاروباروں اور ہزاروں خاندانوں کے روزگار کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہوں پر جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، متاثرین کو فوری اور منصفانہ معاوضہ دیا جائے اور بلوچستان میں تجارت، ٹرانسپورٹ اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں۔
