کوټه (ویب نیوز)بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ کے آرچر روڈ پر واقع تاریخی گوردوارہ سری گرو سنگھ سبھا کی اراضی، مبینہ فروخت اور تاریخی عمارت کی مسماری کے خلاف دائر آئینی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت 11 اگست 2026 مقرر کر دی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ گوردوارہ کی اراضی پر مزید تعمیراتی کام روکا جائے، ملکیت کی منتقلی اور عمارت کی مسماری کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں اور اگر قانون کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اقلیتی برادریوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے اس مقدمے کو مذہبی آزادی، اقلیتوں کے آئینی حقوق اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے اہم قرار دیا ہے۔
