کوئٹہ (ویب نیوز): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ چیئرمین محمود خان اچکزئی کی قیادت میں 29 سے 31 اگست 2026 تک کوئٹہ میں منعقد ہونے والا سہ روزہ جرگہ موجودہ سیاسی، آئینی اور امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔ پارٹی کے سابق مرکزی جنرل سیکرٹری ارشاد شیر علی باچا کی 28ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال اور مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے خطاب کرتے ہوئے شیر علی باچا کی قومی، جمہوری اور سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پارٹی ان کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ مقررین نے ملک میں آئین کی بالادستی، جمہوریت، عدلیہ کی آزادی، صحافت کے تحفظ اور حقیقی وفاقی نظام کے قیام پر زور دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے اور شاہراہوں پر بدامنی کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جرگے میں موجودہ حالات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کے بعد اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
