مقامی ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

جمعیت علمائے اسلام کوئٹہ کی تنظیمی مہم یکم اگست سے شروع ہوگی

کوئٹہ(ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکریٹری حاجی عین اللہ شمس اور سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد نے اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے تحصیل اور یونٹ سطح پر تنظیمی دوروں کا آغاز کیا جائے گا۔ ان دوروں کا مقصد جماعت کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا، کارکنوں سے روابط بڑھانا اور تنظیمی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ رہنماؤں نے بتایا کہ ان دوروں کی تکمیل کے بعد کوئٹہ کے چاروں ٹاؤنز میں علماء کنونشن منعقد کیے جائیں گے، جبکہ جماعت میں نئے شامل ہونے والے کارکنوں کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کا بنیادی مقصد ملک میں اسلامی اور عادلانہ نظام کا نفاذ ہے اور جماعت کی قیادت و کارکن اس مقصد کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔