کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں 26 نکاتی ایجنڈے پر غور کرتے ہوئے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ذریعے طلبہ کے لیے اسکالرشپس، تعمیر نو اسکول اینڈ کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے، نئی تحصیل کے قیام، بچوں کے تحفظ سے متعلق قواعد، پلاننگ مینوئل اور اے اور بی علاقوں سے متعلق انتظامی اصلاحات کی منظوری دی۔ اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ ہرنائی۔سبی شاہراہ کی تعمیر کے لیے وفاقی حکومت 15 ارب روپے فراہم کرے گی جبکہ باقی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ حکام نے بتایا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں اور تمام قومی شاہراہوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔
