اوتھل(ویب نیوز) ضلع لسبیلہ کے علاقے لاکھڑا کا مرکزی سڑک، جو 2022 کے تباہ کن سیلاب کے باعث شدید متاثر ہوا تھا، چار سال گزرنے کے باوجود تاحال تعمیر نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث مقامی آبادی کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارشوں اور معمولی سیلاب کے دوران زمینی رابطے منقطع ہو جاتے ہیں، مریض، طلبہ اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق اوتھل، لاکھڑا اور لیاری روڈ کی تعمیر کا ٹینڈر کئی ماہ قبل منظور ہو چکا ہے، تاہم عملی کام ابھی تک شروع نہیں ہوا۔ عوام نے وزیراعلیٰ بلوچستان، جام کمال خان، میر زرین خان مگسی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
