تازہ ترین ۱۰ جولائی ۲۰۲۶

وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھرنا کمیٹی سے مذاکرات کامیاب، شہداء کے ورثاء کیلئے مالی امداد اور سرکاری ملازمتوں کا اعلان

کوئٹہ (ویب نیوز): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دشمن ایک جانب دہشت گردی، قتل و غارت اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہے اور دوسری جانب انہی جرائم کا الزام ریاستی اداروں پر عائد کرکے گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ انہوں نے بی اے مال کے قریب جاری دھرنے کے شرکاء اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات کے دوران کہا کہ بلوچستان کے عوام کو قومی یکجہتی، امن اور استحکام کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ اگر حکومت کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی ہوئی ہے تو اس کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کے ورثاء کو مالی معاوضہ، اہل خانہ کو سرکاری ملازمتیں اور شہداء کے بچوں کی تعلیم کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی موجودگی میں بلوچستان اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن پر مکمل عملدرآمد ہوگا۔ معاون وزیر اعلیٰ شاہد رند کے مطابق دھرنا کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کامیاب رہے، جس کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔