کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جشن آزادی کی تقریبات کی تیاری سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جشن آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔
محکمہ کھیل و امور نوجوانان حکومت بلوچستان کی جانب سے سیکرٹری کھیل دُرا بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کھیل ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے اجلاس میں شرکت کی۔ محکمہ کھیل جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منائے گا۔
اجلاس میں صوبے بھر میں یوم آزادی کی تقریبات کو قومی جذبے، نظم و ضبط اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منانے کے لیے جامع حکمت عملی اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں جشن آزادی کی تقریبات شایان شان انداز میں منعقد کی جائیں گی، جن میں پرچم کشائی، ملی نغموں، ثقافتی، تعلیمی اور عوامی پروگراموں سمیت مختلف تقریبات شامل ہوں گی، تاکہ عوام بالخصوص نوجوان نسل میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جشن آزادی کی تقریبات کو منظم، باوقار اور یادگار بنانے کے لیے تمام انتظامات بروقت حتمی شکل دی جائیں اور ہر ضلع میں عوامی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کشائی، ملی نغموں، ثقافتی، کھیلوں اور تعلیمی سرگرمیوں سمیت تمام پروگرامز بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منعقد کیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جشن آزادی صرف ایک قومی تہوار نہیں بلکہ قومی اتحاد و یکجہتی، شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور وطن عزیز کی ترقی و استحکام کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صوبے بھر میں تقریبات پرامن، محفوظ اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوں تاکہ شہری بلا خوف و خطر ان قومی تقریبات میں بھرپور انداز سے شریک ہو سکیں۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے، مؤثر ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ بلوچستان بھر میں جشن آزادی کی تقریبات قومی وقار اور شان و شوکت کے مطابق منعقد کی جا سکیں۔
