کوئٹہ (ویب نیوز): معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر زیارت میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپے معاوضے کی ادائیگی کے ریلیز آرڈر جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام انتظامی اور مالی کارروائیاں تیز رفتاری سے مکمل کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو ان کی دہلیز پر مالی امداد کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔ شاہد رند نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کی کفالت، بچوں کی تعلیم اور فلاح و بہبود حکومت کی ذمہ داری ہے اور وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن سرپرستی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مالی امداد انسانی جان کا نعم البدل نہیں، تاہم حکومت اس غم کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
