تازہ ترین ۲۳ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ: بی وائی سی قیادت کے خلاف فیصلوں پر اے این پی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان

کوئٹہ (پ ر) اے این پی کے صوبائی بیان میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی قیادت ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کے خلاف سنائے گئے فیصلوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 24 جولائی کو بلوچستان بھر میں اعلان کردہ شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ رہنماؤں کو پہلے جھوٹی اور بے بنیاد ایف آئی آرز کے تحت حراست میں رکھا گیا اور انہیں اپنے دفاع کے آئینی حق سے محروم کیا گیا۔ بعد ازاں کیسز کی سماعت جیل میں منتقل کی گئی اور فیس لیس ٹرائل کے ذریعے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے فیصلے سنائے گئے، جو انصاف کے اصولوں کے منافی ہیں۔اے این پی کے مطابق سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں کے ساتھ منصفانہ سلوک آئین اور جمہوری اقدار کا تقاضا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اختلاف رائے کو دبانے کی کوششیں نہ صرف جمہوریت کے خلاف ہیں بلکہ یہ معاشرے میں بے چینی اور محرومی کو بھی بڑھاتی ہیں۔پارٹی نے تاجر برادری، ٹرانسپورٹرز، طلبہ اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں اور انصاف، آئین کی بالادستی اور جمہوری حقوق کے حق میں آواز بلند کریں۔