پاکستان ۱۸ ستمبر ۲۰۲۶

سعودی دفاع کے لیے پاکستان کسی بھی حد تک جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

کوئٹہ(ویب نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کیلئے کسی بھی حد تک جائے گا، سعودی سیکیورٹی کیلئے پاکستان کا عزم غیرمشروط ہے اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پاکستان موجود ہے۔ عرب نیوز کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کا دفاع کرتا رہے گا اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے تحفظ کیلئے پاکستان کے عزم میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے عوام، سیاسی قیادت اور افواج کے درمیان تاریخی اور ناقابلِ ٹوٹ رشتہ قائم ہے، جبکہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر قائم ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 7 اگست کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدہ طے پایا، جس کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملہ تینوں پر حملہ تصور ہوگا اور دفاعی تعاون مزید بڑھانے کا عزم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حملے کی صورت میں تینوں ممالک باہمی مشاورت سے لائحہ عمل طے کریں گے اور اسی کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سعودی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ پاکستان بحران کے پرامن حل اور مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب کو حوثیوں کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا ہے۔ مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کے سرکاری اعلامیے کے مطابق معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں مشترکہ دفاعی صلاحیت اور اجتماعی مزاحمت کو مضبوط بنانا ہے۔