تازہ ترین ۱۸ ستمبر ۲۰۲۶

یمن میں حکومتی فورسز اور حوثیوں میں شدید جھڑپیں، 30 جنگجو ہلاک ہونے کا دعویٰ

کوئٹہ(ویب نیوز) یمن کے مغربی صوبے تعز میں حکومتی فورسز اور حوثی جنگجوؤں کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید جھڑپوں اور فضائی حملوں میں کم از کم 30 حوثی جنگجو ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ یمنی فوج کے مطابق تعز کے مغرب میں واقع ضلع الوزیہ کے مختلف محاذوں پر حوثیوں کے ٹھکانوں، گاڑیوں اور جنگجوؤں کے اجتماع کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ متعدد حملے پسپا کیے گئے۔ حوثیوں سے منسلک میڈیا نے بھی تعز، حجہ اور دیگر علاقوں میں سعودی فضائی حملوں کی اطلاعات دیتے ہوئے شہریوں کے جانی نقصان کے دعوے کیے، تاہم ان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس کے مطابق طائف کے قریب ایک حوثی ڈرون کو راستے میں روکنے کے دوران ایک یمنی شہری ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے۔ یمن میں بڑھتی کشیدگی کے باعث شہریوں کی نقل مکانی اور بحیرہ احمر کے ذریعے تیل کی عالمی ترسیل کو درپیش خطرات پر بھی تشویش بڑھ گئی ہے۔