کوئٹہ(ویب نیوز) آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کے لیے انٹرنل اکانٹیبلٹی برانچ (آئی اے بی) کو مضبوط اور بااختیار بنانے کے لیے جامع ایس او پی جاری کردی۔ ایس او پی کے تحت آئی اے بی کو بااختیار اور فیصلہ کن احتسابی فورم کے طور پر فعال کیا گیا ہے، ڈی آئی جی آئی اے بی صوبے بھر سے موصول ہونے والی شکایات کا روزانہ جائزہ لیں گے، جبکہ ریجنل ایس پیز سب انسپکٹر اور اس سے اوپر کے افسران کے خلاف کرپشن انکوائریاں براہ راست کریں گے اور کیسز اضلاع کو واپس نہیں بھیجے جائیں گے تاکہ اثر و رسوخ کا خاتمہ کیا جاسکے۔ ضرورت پڑنے پر پرانی بند شکایات دوبارہ کھولی جائیں گی، تفتیش سے متعلق شکایات ایس پی رینک کے افسران کو دی جائیں گی جبکہ محکمانہ کارروائیوں کی نگرانی سنٹرل پولیس آفس کرے گا۔ ایس او پی میں اے آئی جی انکوائریز کی نئی آسامی کے قیام، ریجنل ایس پیز اور ڈی ایس پیز کی خالی آسامیوں پر ترجیحی تعیناتی، آئی اے بی کو مالی و بجٹ خودمختاری دینے اور اسپیشل برانچ کی انٹیلی جنس کو احتسابی عمل میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ عملدرآمد کی ہفتہ وار رپورٹ سنٹرل پولیس آفس کو پیش کی جائے گی۔
