تازہ ترین ۲۱ جون ۲۰۲۶

محرم الحرام میں امن و اخوت کے فروغ کے لیے “پیغامِ امن و اخوت” تاجر کانفرنس کا انعقاد

کوئٹہ (ویب نیوز)کوئٹہ میں مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے زیرِ اہتمام اور صدر کی صدارت میں محرم الحرام کے دوران امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے “پیغامِ امن و اخوت” تاجر کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں اتحاد تاجران بلوچستان، شیعہ کانفرنس، مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام، تاجر برادری، انتظامیہ، پولیس، ایف سی بلوچستان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ محرم الحرام امن، برداشت اور قربانی کا درس دیتا ہے، اور تمام طبقات کو مل کر امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ کانفرنس میں شہر اور صوبے کی مجموعی صورتحال، معاشی مشکلات اور تاجر برادری کو درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکا نے کہا کہ بدامنی کے واقعات کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کرتے ہیں، اس لیے تاجروں کے تحفظ اور سرحدی تجارت میں آسانیوں کو یقینی بنایا جائے۔کانفرنس کے اختتام پر شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران بھائی چارے، رواداری اور امن کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔