کوئٹہ(صداقت نیوز)آئندہ مالی سال کے لیے بلوچستان حکومت کا 1100 ارب روپے سے زائد حجم کا بجٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس میں تعلیم، صحت، امن و امان اور عوامی فلاح کے شعبوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بجٹ کو سرپلس رکھنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں، انسانی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی آئندہ مالی سال کا بجٹ بلوچستان اسمبلی میں پیش کریں گے۔ ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق تعلیم کے شعبے کے لیے 150 ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ صحت، بنیادی عوامی خدمات اور امن و امان کے لیے بھی خطیر رقوم رکھنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں وفاقی حکومت کی طرز پر اضافے کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ بجٹ منظوری کے وقت کیا جائے گا۔ بجٹ کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور مختلف شعبوں کے لیے مالیاتی تجاویز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
