Uncategorized ۲۲ مئی ۲۰۲۶

ماحولیاتی آلودگی دنیا بھر کے لیے بڑا چیلنج بن چکی ہے، نسیم الرحمن ملاخیل

کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) صوبائی مشیر برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمٰن خان ملاخیل نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اس وقت پوری دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے اور بروقت و مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے منفی اثرات انسانی زندگی، زراعت، جنگلات، آبی وسائل اور مجموعی ماحول پر مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور خوبصورتی سے مالا مال صوبہ ہے، جس کے ماحول کا تحفظ ہم سب کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی، گاڑیوں کے دھوئیں، فیکٹریوں کے غیر معیاری فضلے، پلاسٹک بیگز کے بے تحاشا استعمال اور صفائی کے ناقص نظام نے ماحول کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث سانس اور جلدی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نسیم الرحمن ملاخیل نے کہا کہ حکومت بلوچستان شجرکاری مہمات، گرین انرجی کے فروغ، ماحول دوست منصوبوں اور صنعتی اداروں کی نگرانی سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے آلودگی پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں، طلبہ، سماجی کارکنوں اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ عوامی شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔