Uncategorized ۲۵ جولائی ۲۰۲۶

کراچی نوشکی شاہراہ پر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام، کھڈکوچہ میں 17 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے کھڈکوچہ میں آپریشن عزم استحکام کامیابی سے جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کراچی نوشکی شاہراہ پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ایک عام پل کو دھماکے سے اڑانے کا خوفناک منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کھڈکوچہ میں کیے گئے آپریشن کے دوران 17 دہشت گرد ہلاک، 18 زخمی جبکہ 8 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے دو اہم ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔

کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر عسکری سامان بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان میں امن کے قیام تک جاری رہیں گی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔