تازہ ترین ۳۰ اکتوبر ۲۰۲۶

بریگیڈیئر ضرار احمد کی چمن باکسنگ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں شرکت، کھیلوں کے فروغ کو نوجوانوں کے لیے ناگزیر قرار دے دیا

چمن( سید سردار محمد خوندئی )
تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول چمن کے گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے باکسرز نے شرکت کی۔ تین روز تک جاری رہنے والے مقابلوں کے فائنل میں مختلف ویٹ کیٹیگریز کے باکسرز آمنے سامنے آئے اور اپنی صلاحیتوں اور فنی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

فائنل مقابلوں کے اختتام پر مختلف کیٹیگریز میں کامیابی حاصل کرنے والے 17 باکسرز میں گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے۔ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں اور ان کے کوچز کی خوشی دیدنی تھی، جبکہ شائقین نے تالیوں اور نعروں سے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈر چمن سکاؤٹس بریگیڈ کمانڈنٹ بریگیڈیئر ضرار احمد تھے۔ تقریب میں چمن چیمبر آف کامرس کے سابق صدر حاجی عمران خان کاکڑ قبائلی مشران، عمائدین اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔ بریگیڈیئر ضرار احمد نے قبائلی مشران کے ہمراہ کامیاب باکسرز میں میڈلز، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر ضرار احمد نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے باصلاحیت باکسرز کی حوصلہ افزائی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

بریگیڈیئر ضرار احمد نے چیمپئن شپ کے کامیاب اور شاندار انعقاد پر ٹورنامنٹ کے سرپرستِ اعلیٰ اختر گلفام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

شرکاء نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کو صوبے میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں میں مثبت رجحانات کی حوصلہ افزائی اور بلوچستان سمیت ملک بھر کے کھلاڑیوں کے درمیان باہمی روابط اور بھائی چارے کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔