تازہ ترین ۳۰ اکتوبر ۲۰۲۶

کوژک مہران باکسنگ چیمپئن شپ کا دوسرا روز بھی جوش و خروش سے بھرپور، ہزاروں شائقین رات گئے تک محظوظ ہوتے رہے

چمن( سید سردار محمد خوندئی )
چمن میں جاری تین روزہ کوژک مہران ایف سی بلوچستان نارتھ باکسنگ چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی جوش و خروش عروج پر رہا۔ مختلف کیٹیگریز میں کل 55 سنسنی خیز مقابلے ہوئے، جن میں باکسرز نے رنگ میں اپنی صلاحیتوں، مہارت اور بہترین کھیل کا شاندار مظاہرہ کر کے شائقین سے خوب داد سمیٹی۔
باکسنگ کے ان کانٹے دار مقابلوں کو دیکھنے کے لیے ہزاروں تماشائی گراؤنڈ میں موجود تھے جو رات گئے تک مقابلوں سے محظوظ ہوتے رہے اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے رہے۔

چیمپئن شپ میں بلوچستان کے شمالی اضلاع سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے باکسرز حصہ لے رہے ہیں، جس کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، مثبت سرگرمیوں کے رجحان کو تقویت دینا اور باکسنگ کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے۔ اس ایونٹ سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع میسر آیا ہے۔

مقابلوں کے دوران ایک افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا، پشین سے تعلق رکھنے والے باکسر روح اللہ کے کندھے اور انگلی میں فریکچر ہوگیا۔ چیمپئن شپ کے سرپرستِ اعلیٰ اختر گلفام نے فوری طور پر انہیں اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹر عبید لونی نے ان کا علاج کیا، بعد ازاں کھلاڑی کو واپس کیمپ منتقل کر دیا گیا۔
دوسرے روز کے مہمانانِ خصوصی میں چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد حنیف، حاجی عصمت اللہ سمیت تاجر برادری کے نمائندگان اور پولیس سیکورٹی انچارج سب انسپکٹر خانو شامل تھے، جنہوں نے مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سرپرستِ اعلیٰ اختر گلفام، ڈسٹرکٹ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک اور جنرل سیکرٹری حاجی حبیب اللہ نے معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

واضح رہے کہ چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے کل تیسرے اور آخری روز ہوں گے، جس کے بعد مختلف کیٹیگریز کے فاتح کھلاڑیوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔