تازہ ترین ۴ اکتوبر ۲۰۲۶

ایران کا معاملہ کسی نہ کسی طریقے سے حل کریں گے، امریکی صدر

واشنگٹن(ویب نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے معاملے پر فیصلہ کرنے والے ہیں اور مسئلے کو آسان ہو یا مشکل، کسی نہ کسی طریقے سے حل کریں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے منصوبے سے تقریباً دستبردار ہوچکا ہے، جبکہ امریکا تیل کی قیمتیں کم کرنے میں کامیاب رہا ہے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے۔ دوسری جانب رائٹرز کے مطابق امریکی حملے دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں ایران زیادہ سخت جوابی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔ ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ امریکا نے بڑے پیمانے پر حملے کیے تو ایران کا جواب پہلے سے زیادہ شدید ہوگا اور امریکی فوجی کارروائیوں کی حمایت کرنے والے ممالک کو ممکنہ ہدف بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کے پاس اپنا جوہری پروگرام رضاکارانہ طور پر ترک کرنے کا موقع موجود ہے، بصورت دیگر اسے ایسا کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے، جبکہ ایران کو مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کے تمام مواقع دیے جاچکے ہیں۔