مقامی ۳۰ ستمبر ۲۰۲۶

شہدائے جمہوریت اور شہدائے وطن کی برسیوں کی تقریبات 7 اور 11 اکتوبر کو ہوں گی، پشتونخوا نیپ

کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 1983 کے شہدائے جمہوریت اسلم اولس یار شہید، کاکا محمود شہید، داؤد شہید اور رمضان شہید کی 43ویں برسی اور 11 اکتوبر 1991 کے شہدائے وطن عبدالرحیم کلیوال شہید، صابر شاہ شہید، صاحب خان شہید، باز محمد باز شہید اور حبیب الرحمن شہید کی 35ویں برسی ملک بھر، پشتونخوا وطن اور مختلف اضلاع میں منائی جائے گی۔ بیان کے مطابق مرکزی تعزیتی اجتماع کوئٹہ میں پشتونخوا نیپ نواں کلی کے زیر اہتمام ’’پروقار علاقائی کانفرنس، بیاد شہداء 7 اکتوبر اور 11 اکتوبر‘‘ کے عنوان سے ہوگا جبکہ دیگر اضلاع میں بھی اجتماعات اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ پارٹی نے کہا کہ شہداء نے جمہوریت، آئین کی بالادستی، قومی حقوق اور عوام کے حق حکمرانی کے لیے قربانیاں دیں، جنہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ نے ضلعی، علاقائی اور یونٹ تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ برسی کی تقریبات منظم کریں اور عوام کو شہداء کی جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کریں۔ 7 اکتوبر کو لورالائی میں بھی برسی کی تقریب منعقد ہوگی۔