مقامی ۳۰ ستمبر ۲۰۲۶

حمزہ بڑیچ کے قتل کی شفاف تحقیقات اور ملزم کو فوری قانون کے حوالے کرنے کا مطالبہ

کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سمنگلی علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام طالبعلم حمزہ بڑیچ کی ہلاکت کے خلاف سمنگلی چوک سے طلباء و طالبات اور پارٹی کارکنوں کی احتجاجی ریلی نکالی گئی جو سمنگلی ایئربیس کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی۔ مقررین نے حمزہ بڑیچ کی ہلاکت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مبینہ ملزم کو فوری طور پر پولیس کے حوالے کیا جائے اور واقعے کی شفاف و غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملزم کو قانون کے کٹہرے میں نہ لایا گیا تو پارٹی طلباء، نوجوانوں اور عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کا دائرہ وسیع کرے گی۔ مقررین نے کہا کہ کسی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرے اور جرم میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دلائے۔ پارٹی نے اعلان کیا کہ انصاف کے حصول تک آئینی، جمہوری اور پرامن احتجاج جاری رکھا جائے گا۔