کوئٹہ (ویب نیوز): مصر کی امریکن یونیورسٹی اِن قاہرہ کے محققین کی جانب سے 55 برس کے دوران شائع ہونے والی 124 تحقیقی رپورٹس کے جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ 100 سال یا اس سے زیادہ عمر پانے کا کوئی ایک جادوئی راز موجود نہیں۔ تحقیق کے مطابق لمبی عمر میں جینیاتی عوامل، متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی، مضبوط سماجی تعلقات، مثبت سوچ اور کسی حد تک قسمت بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل عمر پانے والے افراد عموماً سبزیوں پر مشتمل غذا استعمال کرتے، روزانہ چہل قدمی یا باغبانی جیسی سرگرمیاں انجام دیتے، سگریٹ نوشی سے گریز کرتے اور اپنے خاندان و دوستوں سے مضبوط تعلقات برقرار رکھتے ہیں۔ تحقیق میں واضح کیا گیا کہ کوئی ایک “لمبی عمر والا جین” موجود نہیں، بلکہ متعدد عوامل مل کر صحت مند اور طویل زندگی میں معاون بنتے ہیں۔
