کوئٹہ (ویب نیوز) گورنر بلوچستان نے کراچی میں جاپان کے قائمقام قونصل جنرل سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے دوطرفہ تعلقات، تعلیمی تعاون اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم، مصنوعی ذہانت، سولر انرجی، زراعت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا کرنے پر بات چیت ہوئی۔ گورنر بلوچستان نے جاپانی حکومت کی جانب سے تعلیم، صحت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرکاری جامعات کے طلبہ کے لیے سالانہ 20 اسکالرشپس کی فراہمی نوجوانوں کی معاشی خودمختاری میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے فنی و پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز کے فروغ پر بھی زور دیا تاکہ نوجوانوں کو جدید مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔ملاقات میں بیوٹمز ژوب کیمپس، یونیورسٹی آف لورالائی اور میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی میں سولر انرجی منصوبوں پر بھی بات ہوئی، جس پر گورنر نے جاپان کی دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ ان منصوبوں سے تعلیمی اداروں کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔
