مقامی ۳۱ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ کے ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار، شہر مٹی اور افراتفری میں ڈوب گیا

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں کی سست رفتاری نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، شہر کے بیشتر علاقوں میں جاری کھدائی، ادھورے منصوبوں اور ناقص انتظامی کارکردگی کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ شہر کی اہم شاہراہیں، گلیاں اور بازار مٹی، گردوغبار اور کھلے کھڈوں سے اٹے پڑے ہیں، جبکہ جگہ جگہ کھڑی تعمیراتی مشینری اور نامکمل کاموں کے باعث ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوچکا ہے۔ اسکولوں اور اسپتالوں کے قریب تعمیراتی ملبے اور مٹی کے ڈھیروں نے شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کردی ہیں، جبکہ گردوغبار کے باعث سانس کی بیماریوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکومتی ادارے اور محکمے عوامی شکایات کے باوجود مؤثر اقدامات نہیں کر رہے اور ترقیاتی منصوبے سہولت کے بجائے اذیت کا سبب بن گئے ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی یہ صورتحال ہے تو دور دراز اضلاع میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور معیار کا کیا حال ہوگا۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو کوئٹہ ایک ترقی یافتہ شہر کے بجائے کھنڈر کا منظر پیش کرے گا۔