کوئٹہ(ویب نیوز) فیاض سنبل شہید پولیس لائنز کوئٹہ میں 23 سے 28 ستمبر تک جاری رہنے والا بیڈمنٹن اوپن ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر تھے۔ ٹورنامنٹ میں مردوں اور خواتین کے سنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلے ہوئے جبکہ فائنل میں واپڈا اور کوئٹہ پولیس کی ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ پولیس نے چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ بلوچستان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین، کھلاڑیوں اور اسپانسر ادارے ڈی ایچ اے کوئٹہ کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔
