تازہ ترین ۱۰ جولائی ۲۰۲۶

کوئٹہ: مذاکرات کامیاب، ہنہ اوڑک دھرنا ختم

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی)
ہنہ اوڑک متاثرین کا بی اے مال کے مقام پر جاری دھرنا کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا۔

گزشتہ رات وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی حکومتی وفد نے دھرنا کمیٹی سے باضابطہ مذاکرات کیے جو دیر تک جاری رہے۔ اس دوران متاثرین نے اپنے مطالبات حکومتی وفد کے سامنے پیش کیے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے موقع پر ہی متاثرین کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمیں افواجِ پاکستان اور ریاست کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے، ہمارے سیکیورٹی ادارے اور افواجِ پاکستان دن رات اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور آئے روز جوان شہید ہو رہے ہیں۔

معاہدے کے بعد دھرنا کمیٹی نے احتجاج ختم کرنے اور تمام بند شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ، سینیٹر منظور کاکڑ، ڈی آئی جی بلوچستان پولیس، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے فیصل طارق، سید صادق آغا، سابق ترجمان گورنر ہاؤس نذیر احمد اچکزئی و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔