تازہ ترین ۳۱ اگست ۲۰۲۶

چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیرِ صدارت اجلاس، مختلف محکموں نے دو سالہ کارکردگی رپورٹس پیش کردیں

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں نے اپنی دو سالہ کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس میں محکمہ صحت، صنعت، اسکولز، مواصلات و تعمیرات، لائیو اسٹاک، توانائی، معدنیات و معدنی وسائل اور سائنس و آئی ٹی کے سیکرٹریز اور سینئر حکام نے اپنے متعلقہ شعبوں کی کارکردگی، اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے محکموں کی جانب سے پیش کی جانے والی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچانے والے منصوبوں کو ترجیح دی جائے اور ان کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کو عوامی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرنے اور ہر سطح پر شفافیت کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈیجیٹل سروسز کے نفاذ کا عمل تیز کیا جائے، غیر ضروری آسامیوں کے خاتمے کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے اور عوامی منصوبوں کے معیار اور سخت مانیٹرنگ پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔ انہوں نے دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں سیکرٹریز نے عوامی خدمات کے فروغ، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور وسائل کے شفاف استعمال سے متعلق تفصیلات پیش کیں، جبکہ آن لائن سروسز، ای رپورٹنگ اور ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹمز کے نفاذ کو تیز کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔