چمن( سید سردار محمد خوندئی )
چمن میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے رجحان کو پروان چڑھانے اور پاک فوج و عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کوژک میران ایف سی بلوچستان نارتھ باکسنگ چیمپئن شپ 2026 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
چیمپئن شپ کا افتتاح پاک فوج 40 ایف ایف کے کرنل عثمان، قبائلی عمائدین اور علماء کرام نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر کیا۔
افتتاحی تقریب میں قبائلی مشر عبدالغفار خان صالحزئی، مولانا مفتی محمد قاسم، چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر حاجی عمران خان کاکڑ، صدر حاجی محمد ہنیف، سینئر نائب صدر عبدالمقصود کاکڑ، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رفیع اللہ، سردار برات خان درانی، سوشل ایکٹوسٹ محمد علی اچکزئی، ناصر خان، حاجی عبدالشکور خان نورزئی سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تین روزہ چیمپئن شپ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول چمن کے چھوٹے گراؤنڈ میں جاری ہے، جس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔ پہلے روز مختلف کیٹیگریز میں 70 مقابلے ہوئے جن میں باکسرز نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے شرکاء نے چمن میں باکسنگ چیمپئن شپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان میں نظم و ضبط، برداشت اور صحت مند مقابلے کا رجحان پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
اس شاندار چیمپئن شپ کے سرپرست اعلیٰ اختر گلفام نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ایسے مقابلوں سے مقامی ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور قومی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع ملتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ چیمپئن شپ نوجوانوں میں امن، بھائی چارے اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔
