مقامی ۳۱ اگست ۲۰۲۶

پشتونوں کے اجتماعی مسائل کا حل اجتماعی سیاسی و نظریاتی سوچ اپنانے میں ہے، احمد خان

کوئٹہ (ویب نیوز) افغان قومی موومنٹ کے سربراہ احمد خان نے کہا ہے کہ پشتون قوم کو درپیش اجتماعی مسائل کا حل پشتون سیاستدانوں کی جانب سے اجتماعی سیاسی اور نظریاتی سوچ اپنانے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرستی اور مذہبی سیاست کے باہمی تصادم نے پشتون قوم کو تباہی سے دوچار کیا، اس لیے سیاستدانوں کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر واضح اور مشترکہ سیاسی مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔ احمد خان نے کہا کہ پشتون افغان آج بدترین حالات سے گزر رہے ہیں اور اگر درست سیاسی راستہ اختیار نہ کیا گیا تو قوم پرست اور مذہبی سیاست دونوں اپنا اثر کھو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونوں کے خلاف ناروا پالیسیوں سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے، جبکہ پشتون سیاستدانوں کو قوم پرستی، مذہبی سیاست، تاریخ، جغرافیہ اور افغانیت کے بنیادی تصورات کو سامنے رکھتے ہوئے مؤثر سیاسی جدوجہد کرنی چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پشتون قوم کو مسلسل دبانے، وسائل پر قدغن لگانے اور معاشی طور پر کمزور کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔