پسنی(صداقت انٹرنیشنل نیوز )بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں دو افراد کی لاشیں برآمد ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے پولیس ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے پسنی کے نواحی علاقے میں دو افراد کی لاشیں پڑی ہونے کی اطلاع دی، جس پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں افراد کو قریب سے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ لاشوں پر گولیوں کے متعدد نشانات پائے گئے ہیں، جس سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں ٹارگٹ کرکے نشانہ بنایا گیا۔ تاہم قتل کی وجوہات اور محرکات کے بارے میں تاحال کچھ حتمی طور پر نہیں کہا جاسکا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ لاشوں کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد قتل کے وقت اور دیگر اہم شواہد کے بارے میں مزید معلومات سامنے آنے کی توقع ہے پولیس نے یو این اے کوبتایا ہے کہ مطابق پولیس مختلف پہلوں سے واقعے کی تحقیقات کررہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا واقعہ ذاتی دشمنی، پرانی رنجش یا کسی اور مجرمانہ سرگرمی کا نتیجہ ہے۔ علاقے میں مشتبہ افراد کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات بھی جمع کی جارہی ہیں۔واقعے کے بعد مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ شہریوں نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
