تازہ ترین ۱۵ اکتوبر ۲۰۲۶

پرائیویٹ سکولز چھٹیوں کی فیس وصول کر سکتے ہیں، قانون میں کوئی ممانعت نہیں: سیکرٹری ایجوکیشن بلوچستان لعل جان جعفر

کوئٹہ ( سیدسردارمحمدخوندئ) بلوچستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز الائنس کے نمائندہ وفد نے آج 15 اکتوبر کو سیکرٹری ایجوکیشن بلوچستان لعل جان جعفر سے اہم ملاقات کی، جس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل اور فیسوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے سیکرٹری ایجوکیشن کو آگاہ کیا کہ ڈی سی ویسٹ کوئٹہ کی جانب سے کھلی کچہری میں پرائیویٹ سکولز کو ڈبل فیس وصولی سے روکنے کے اعلان کے بعد نجی تعلیمی اداروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ وفد نے اس فیصلے کے تناظر میں نجی اداروں کا موقف، انتظامی مشکلات اور درپیش چیلنجز سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن لعل جان جعفر نے وفد کا موقف نہایت توجہ اور ہمدردی سے سنا۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے باقاعدہ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور ڈی سی ایسٹ کوئٹہ سے تفصیلی ملاقات میں انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے کہ بلوچستان پرائیویٹ سکولز رجسٹریشن اینڈ پروموشن ایکٹ 2022 میں چھٹیوں کی فیس وصولی پر کوئی پابندی نہیں، لہٰذا پرائیویٹ سکولز قانون کے مطابق چھٹیوں کی فیس وصول کر سکتے ہیں، البتہ والدین کے ساتھ اقساط کی صورت میں تعاون کیا جائے۔

سیکرٹری ایجوکیشن نے واضح کیا کہ محکمہ تعلیم نجی تعلیمی اداروں کے جائز تحفظات کا احترام کرتا ہے اور تمام فیصلے قانون کے مطابق کیے جائیں گے۔ انہوں نے صوبے میں بالخصوص دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں پرائیویٹ سکولز کے کردار کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں شرح خواندگی بڑھانے میں نجی شعبے کا کردار قابل ستائش ہے۔

ملاقات میں شریک وفد میں صدر ملک رشید احمد خان کاکڑ، جنرل سیکرٹری محمد نواز پندرانی، ترجمان حاجی سلیم ناصر، وائس چیئرمین حافظ نعمت اللہ خان کاکڑ، خزانچی جمیل احمد مشوانی، جوائنٹ سیکرٹری عبدالظاہر خان کاکڑ اور ایجوکیشن سیکرٹری لیاقت علی ہزارہ شامل تھے۔

آخر میں وفد نے سیکرٹری ایجوکیشن کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ محکمہ تعلیم نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ دریں اثناء پرائیویٹ اسکولز کے متعلق چھٹیوں کی فیس انکا قانونی اخلاقی اور معاشرتی حق ہے اس اداروں کے ملازمین کے تنخواہیں عمارتوں کے کرایہ جات اور دیگر اخراجات بھی اس سردی کے موسم میں ہوتے ہیں افسوس امر یہ ہے کہ چند افراد ذاتی بغض اور عناد کے بنیاد پر ڈپٹی کمشنر ویسٹ کا بیان بار بار چلانے سے اس نجی تعلیمی اداروں کے خدمات کو سراہانے کی بجائے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں جوکہ قابل مذمت ہے