کویٹہ (صداقت نیوز) پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹوں سے فتح اپنے نام کرلی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں قومی ٹیم نے 201 رنز کا ہدف 43 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز اسکور کیے جبکہ غازی غوری 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے اپنے ڈیبیو میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے 2 اور شاہین آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی، جبکہ دوسرا ون ڈے 2 جون کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
