تازہ ترین ۷ اکتوبر ۲۰۲۶

ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر خاران کو مکمل فعال بنانے پر اتفاق، نئے تربیتی شعبے متعارف کرانے کا فیصلہ

کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) کے دفتر کا دورہ کیا اور ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر زرکون سے ملاقات کی۔ اجلاس میں صوبے میں جاری فنی و پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر خاران کو مکمل فعال بنانے اور مقامی ضروریات کے مطابق نئے تربیتی شعبے متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت کے مطابق نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ خاران کے نوجوانوں کے لیے کاروباری تربیت اور قرضِ حسنہ اسکیم بھی متعارف کرائی جائے گی۔ ایم ڈی بی ٹیوٹا نے مارکیٹ کی طلب کے مطابق مزید جدید تربیتی شعبے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔