کابل(ویب نیوز) افغانستان کے بدخشان کے علاقے واخان سے چین کی سرحد تک 121 کلومیٹر طویل سڑک مکمل کرکے آمدورفت کے لیے کھول دی گئی۔ افغان وزارت دیہی بحالی و ترقی کے مطابق سڑک دو مرحلوں میں تعمیر کی گئی جس پر 365 ملین افغانی لاگت آئی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دیہی بحالی و ترقی ملا عبداللطیف منصور نے ملک میں تعمیر و ترقی کے عمل کو جاری رکھنے، سیکیورٹی مزید بہتر بنانے اور دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا، جبکہ نظام کے خلاف کسی بھی قسم کی ’’بغاوت‘‘ سے سختی سے نمٹنے کا انتباہ بھی دیا۔ بدخشان کے گورنر ملا رحمت اللہ نجیب نے صوبے میں بدامنی سے متعلق بعض رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے انہیں غلط پروپیگنڈا قرار دیا اور کہا کہ پورے صوبے میں سیکیورٹی قائم ہے۔ اسلامی امارت کے نائب ترجمان ملا حمداللہ فطرت نے کہا کہ واخان کے رہائشیوں کے 10 بنیادی مسائل قیادت کے سامنے پیش کیے گئے تھے، جن میں مواصلاتی نظام، شناختی دستاویزات، صحت، اسکولوں اور سڑکوں کی سہولیات شامل ہیں اور ان پر اقدامات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق سڑک کی تکمیل سے واخان کے دور افتادہ علاقوں میں آمدورفت بہتر ہونے کے ساتھ مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔
